ہفتہ، 20 اگست، 2016

عجیب اور دلچسپ : جڑواں بھائیوں کی حیرت انگیز مماثلت کی دلچسپ کہانی


سجاد احمد
دنیا میں آئے دن ایسے کئی واقعات کی خبریں ملتی ہیں کہ ایک جگہ یا مختلف جگہوں یا مختلف اوقات میں ایک جیسے واقعات رونما ہوئے۔ایسی مماثلت کی کہانیاں سامنے آتی رہتی ہیں، جڑواں بہن بھائیوں کے درمیان تو جینیاتی طور پر ویسے ہی بہت مماثلت پائی جاتی ہے۔وہ دونوں اگر ایک ہی گھر میںایک ہی ماحول میں پرورش پائیں تو ان کے خد و خال میں مماثلت کے علاوہ ان کے عادات و اطوار میں بہت ساری چیزوں کا مشترک ہونا ویسے بھی کوئی اچھنبے کی بات نہیں لیکن ایسے دو جڑواں بھائیوں کی زندگی میں بہت کچھ ایک ہونا حیرت انگیز ہے کہ جوپیدا ہوتے ہی جدا ہو گئے ہوں اور ایک دوسرے کو جانتے تک نہ ہوں۔ یہ کہانی ایسے ہی جڑواں بھائیوں کی ہے۔وہ تقدیر کے مارے ہوئے ایسے والدین کے ہاں پیدا ہوئے جنہوں نے انہیں پیدا ہوتے ہی کسی وجہ سے اس ادارے کے حوالے کر دیا جو لاوارث بچوں کی کفالت کرتا ہے اور وہاں سے بے اولاد والدین بچوں کو لے پالک بنا کر گھر لے جاتے ہیں۔یہ دونوں بھی پیدا ہوتے ہی مختلف گھروں میں چلے گئے۔انہیں مختلف والدین الگ الگ اپنی اپنی کفالت میں لے گئے۔وہ ایک دوسرے کو جانتے تک نہ تھے نہ یہ علم تھا کہ وہ کون ہیں کیا ہیں۔لیکن اتنا جانتے تھے کہ وہ جڑواں تھے اور دوسرا بھائی بھی اسی دنیامیں کہیں ہو سکتا ہے۔دونوں کے نئے والدین ایک دوسرے کو نہیں جانتے تھے۔کئی دہائیاں بعد وہ ایک دوسرے سے ملے اور کیسے ملے ،ان میںسے ایک بھائی کی کہانی سنیے۔ جیمز اپنے بھائی کو تلاش کرتا رہا لیکن اسے 40سال کی عمر تک کوئی خبر نہ مل سکی لیکن اس کے دماغ پر بھائی کو ڈھونڈنے کی دھن سوار رہی۔اس نے بھائی کی تلاش مزید شدت سے شروع کر دی۔کافی تگ و دو کے بعد اسے اپنا بھائی مل گیا۔دونوں بھائی ایک مدت بعد آپس میں ملے لیکن حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ان کے درمیان بہت کچھ مماثل تھا۔ان کی زندگی میں اتنی چیزیں ایک جیسی تھیں کہ جنہیں دیکھ کر تقدیر پر یقین آ جاتا ہے۔ ان دونوں کے نام جیمز تھے یعنی ان کے والدین جنہوں نے انہیں اپنی کفالت میں لیا تھا دونوں کے نام جیمز رکھے۔ اگرچہ دونوں ایک دوسرے سے دور تھے لیکن دونوں ہی پولیس کے محکمے میں ملازم ہوئے۔ دونوں کو ڈرائینگ اور ڈیزائننگ میں یکساں مہارت تھی۔ دونوں کی بیویوں کا نام لنڈا تھا۔ دونوں کے بیٹوں کا نام ایلن تھا۔ دونوں کی پہلی شادی ناکام ہوئی تھی اور ان کی دوسری بیوی کا نام بٹی تھا۔ اور عجیب اتفاق ہے کہ دونوں کے پالتو کتے کانام ٹائے تھا۔ 40 سال کی جدائی کے بعد کوئی بھی اس قدر اتفاقات پر یقین کرنے کو تیا ر نہ تھا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں