پیر، 1 اگست، 2016

کسب ،رزق،برکت(8)


رضا الدین صدیقی


٭ حضور رہبر انسانیتﷺ ارشاد فرماتے ہیں: اپنے رشتہ داروں اور عزیز و اقارب سے اچھا سلوک کرنا، حسن اخلاق اور اپنے پڑوسیوں سے نیک برتاﺅ ایسے اعمال ہیں جو شہروں اور بستیوں کو آباد اور خوشحال رکھتے ہیں، لوگوں کی عمر میں اضافے کا باعث بنتے ہیں اور زندگیوں میں خیر و برکت لاتے ہیں۔ (ترمذی، احمد) ٭ علم انساب سے آگہی حاصل کرو اور اس کے ذریعے سے صلہ رحمی کرو (عزیز و اقارب سے) صلہ رحمی دولت و ثروت میں اضافے اور عمر میں برکت کا سبب ہے۔ (ترمذی، احمدبن حنبل) ٭ اللہ تعالیٰ کے راستے میں دیتے ہوئے شمار مت کرو تاکہ اللہ تعالیٰ بھی تمہیں بے حساب عطاءکرے اگر گن کر دوگے تو تمہیں بھی گن کر ہی عطاءکیا جائے گا۔ (سنن نسائی) ٭ کیا تمہیں خبر ہے کہ آسمان میں ایک فرشتہ یہ دعا کرتا رہتا ہے، اے اللہ تیرا جو بندہ نیکی کے کاموں میں اپنا مال خرچ کرے تو اسے بہترین اجر عطا فرما اور جو مال اس نے خرچ کیا ہے اس کے بدلے میں اسے دوہرا مال عطاءفرما، اے اللہ! جو انسان تیری راہ میں مال خرچ کرنے سے گریز کرے تو اس کا مال ضائع کر دے۔ (طبرانی) ٭ جس گھر میں کوئی مہمان ہو اس گھر کی طرف خیر و برکت اس طرح دوڑتی ہے جیسے اونٹ کی کوہان پر چھڑی بلکہ اس سے بھی زیادہ تیز۔ (ابن ماجہ) ٭ جس شخص کا کھانا پاکیزہ، طیب اور صاف ستھرا ہو، اس کے دین میں، رزق میں اور کھانے پینے میں برکت اور فراخی آتی ہے۔ (طبرانی، کنزالعمال) ٭ اپنے گھر میں کثرت سے نماز (نوافل) پڑھا کرو، اس سے تمہارے گھروں کی خیر و برکت میں اضافہ ہو گا۔ (صحیح مسلم) ٭ اپنے گھروں کو قرآن پاک کی تلاوت سے مزین کرو بے شک وہ گھر جس میں قرآن پڑھا جائے وہ اپنے مسکینوں کےلئے کشادہ ہو جاتا ہے، اس میں خیر و برکت بڑھتی ہے (رحمت کے) فرشتوں کا نزول ہوتا ہے، اور شیطان وہاں سے اپنا بسیرا اٹھا لیتا ہے اور جس گھر میں قرآن کی تلاوت نہ ہو وہ اپنے مسکینوں کےلئے تنگ ہو جاتا ہے۔ اس میں خیر و برکت کم ہو جاتی ہے، فرشتے وہاں آنا چھوڑ دیتے ہیں اور شیطان وہاں اپنے ٹھکانہ بنا لیتے ہیں۔ (کنزالعمال) ٭ اپنے گھروں کونماز اور تلاوت قرآن سے آباد رکھو کیونکہ تمام گھروں میں سب سے زیادہ فقرو افلاس کا نشانہ وہ گھر ہے جو نماز اور تلاوت سے خالی ہو۔ (دیلمی) ٭ جب انسان گناہ کامرتکب ہوتا ہے تو رزق سے محروم کردیا جاتا ہے۔ (ابن ماجہ، احمدبن حنبل) ٭ جو شخص کثرت استغفار کرنا اپنا معمول بنا لے گا، اللہ تبارک و تعالیٰ اس کا ہر غم دورکر دے گا، ہر مشکل آسان فرما دے گا، اور اسے وہاں سے رزق عطا کرے گا جہاں سے اس کو گمان بھی نہ ہو گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں