بدھ، 17 اگست، 2016

وال پیپر: دہشتگردی کیخلاف سول آرمڈ فورسز کے نئے ونگز بنانے کا فیصلہ


وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں بارڈر مینجمنٹ، دہشت گردی اور قومی سلامتی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ہیں جن کے مطابق دہشت گردی کیخلاف سرحدوں کے بہتر انتظام اور اندرونی سلامتی کیلئے سول آرمڈ فورسز کے29 نئے ونگز بنائے جائیں گے اور انہیں تمام سول، عسکری، انٹیلی جنس ایجنسیوں کی معاونت حاصل ہوگی۔ دہشت گردوں کی اندرون، بیرون ملک سے فنڈنگ روکنے اور ان کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کیلئے ضروری قانون سازی ہوگی جبکہ قومی ایکشن پلان کی نگرانی کیلئے ٹاسک فورس کی سربراہی وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کے سپرد ہوگی۔ ملک میں امن و امان کی صورتحال ایک عرصے سے دگر گوں ہے اور غیر ملکی ایجنسیوں اور دہشتگردوں کی کارروائیوں کا سلسلہ جس طرح باعث تشویش بنا ہوا ہے۔ اس کے پیش نظر داخلی سلامتی اور آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کے حوالے سے جن اہم فیصلوں کا اعلان سامنے آیا ہے ان پر بہت پہلے ذمہ داران کا اتفاق رائے ہو جانا چاہیے تھا۔ اب بھی وقت ہے کہ ان فیصلوں پر کمال یکسوئی، مکمل غیر جانب داری اور موثر و مربوط حکمت عملی اور جدید میکنزم کے تحت عمل در آمد یقینی بنایا جائے تو امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو بڑی حد تک سنبھالا دیا جاسکتا ہے۔
(روزنامہ نوائے وقت)  


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں