ڈاکٹر آصف محمود جاہ
پیٹ میں ہلکا ہلکا سا در د رہنے لگا۔کبھی ڈائریا لگ جاتا اور کبھی قبض ہو جاتی۔اس کی وجہ سے طبیعت میں خاصا چڑچڑا پن پیدا ہو گیا۔یہ علامات پیٹ کی ایک نفسیاتی گڑ بڑ میں ہوتی ہیں، جسے انگریزی میںIrritable Bowel Syndromeکہتے ہیں۔یہ بیماری 20سے 40سال تک کی عورتوں میں زیادہ ہوتی ہے اور اس عمر کے مرد بھی اس کا شکار ہو سکتے ہیں۔بہت زیادہ فکر کرنے والے اور حساس لوگ آسانی سے اس کا شکار ہو جاتے ہیں۔ بہت زیادہ تفکرات میں گھرے ہوئے لوگ جو ہمیشہ پریشان، ڈپریشن کا شکار اور فکر مند رہیں، وہ پیٹ کی اس بیماری میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔مالی وسائل کی کمی اور ناکامیوں کی صورت میں بھی اس کا احتمال ہو سکتا ہے۔ علامات:پیٹ میںدرد، پیٹ میں ہوا کا بھر جانا اور بھاری پن کا احساس ہونا اور اس کے ساتھ کبھی ڈائریا اور کبھی قبض اس بیماری کی بڑی علامات ہیں۔ اس میں آنتوں کی حرکت بے قاعدہ ہوجاتی ہے، جس کی وجہ سے کبھی ڈائریا ہوتا ہے اور کبھی قبض۔پیٹ میں جلن، بد ہضمی، کھٹے ڈکارآنا، متلی اور قے کا آنا، پیٹ کے اوپری حصے میںدرد،بعض اوقات نگلنے میں دشواری وغیرہ بھی ہو سکتی ہے۔ کھانا کھانے سے پیٹ درد میں اضافہ ہوجاتا ہے، بھوک لگنا بند ہوجاتی ہے۔ طبیعت بہت چڑچڑی ہو جاتی ہے۔ سر درد رہنے لگتا ہے۔ عموماً ان علامات اور مریض کے ساتھ مکمل انٹرویو سے بیماری کا پتہ چل جاتا ہے۔ تسلی کے لیے ضروری ہے کہ دوسرے ضروری تشخیصی ٹیسٹ بھی کرا لیے جائیں تاکہ کسی اور بیماری کے ہونے یا نہ ہونے کا پتہ چل سکے۔ علاج اور بچائو:پیٹ کی اس نفسیاتی گڑبڑ کا علاج بہت آسان ہے۔ سب سے پہلے یہ تسلی رکھیں کہ اصل میں اس کی نفسیاتی وجہ ہے، جس کے ختم ہونے سے بیماری پہ آسانی سے قابو پایا جاسکتا ہے۔ بیماری کے علاج کے لیے مندرجہ ذیل باتوں کو یاد رکھیں: -1اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ کھانے پینے کی عادات میں تبدیلی پیدا کی جائے۔ زیادہ مصالحے دار اور چٹ پٹی غذائوں سے پرہیز کریں۔ ہمیشہ بھوک رکھ کر کھائیں۔ کھانے میں سبزیوں وغیرہ کا استعمال زیادہ کریں۔ -2زیادہ پریشان رہنا چھوڑئیے۔اپنا کام دیانتداری سے کیجئے اور اللہ پہ بھروسہ کیجئے۔ انشاء اللہ آپ کے سب کام خوش اسلوبی سے طے پاجائیں گے۔ -3اسپغول کا استعمال پیٹ کی بیماریوں کے لیے اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔ صبح سویرے ناشتے میں دہی اور اسپغول کا چھلکا استعمال کریں اس سے آپ کی آنتوں کی حرکت باقاعدہ ہو جائے گی۔ -4کبھی کبھار زیتون کا تیل یا زیتون کا اچار بھی لے لیا کریں۔ یہ بھی پیٹ کے امراض کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔ -5ڈائریا ہونے کی صورت میں نمکول اور اسپغول کا چھلکا دہی یا دودھ میں ڈال کر استعمال کریں۔ - http://dunya.com.pk
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں