جمعرات، 4 اگست، 2016

عجیب اور دلچسپ : کرائے کے دوست جاپانیوں نے تنہائی کا انوکھا حل ڈھونڈ لیا


بینش جاوید
48 سالہ تاکانوبے نیشیموٹو ایک ایسی کمپنی کے مالک ہیں، جو اکیلے پن کے شکار افراد کی تنہائی دور کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ یہ کمپنی 45 سے 55 سالہ ’اوسان‘ یا مردوں پر مشتمل ہے۔ یہ ’اوسان‘ فی گھنٹہ دس امریکی ڈالر کے معاوضے پر جاپان کے تنہا، پریشان اور بوڑھے افراد کے ساتھ گفتگو کرتے ہیں اور ان دل کی باتیں سنتے ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق تاکانوبے نیشیموٹو اپنے صارفین کو صرف بات چیت کی سروس فراہم کرتے ہیں تاکہ لوگ اپنے دل کا بوجھ کم کر کے تازہ دم ہو سکیں۔انہوں نے اپنی کمپنی کا آغاز چار برس قبل کیا تھا۔اب ان کی کمپنی میں 60 سے زائد ملازمین ہیں، جو جاپان کے مختلف علاقوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ وہ کہتے ہیں ’’مجھے لوگ عموماً ایک سے دو گھنٹے کے لیے کرائے پر لیتے ہیں اور اس دوران وہ مجھ سے بات چیت کرتے ہیں‘‘۔ ایک 80 سالہ خاتون بھی ہر ہفتے پارک میں چہل قدمی کرنے کے لیے نیشیموٹو کو بلاتی ہیں۔ وہ کہتے ہیں ’’میں ان کے بیٹے کی طرح بن گیا ہوں۔‘‘ایک مچھیرہ جو مچھلیاں پکڑنے کے دوران کئی گھنٹے تنہا بیٹھا رہتا تھا، اب نیشیموٹو کی جانب سے مہیا کی جانے والی سہولت سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔ اس کے علاوہ کالج کی ایک طالبہ جو شو بزنس کا حصہ بننا چاہتی ہے، لیکن اسے اپنے خاندان کی مخالفت کا سامنا ہے ،وہ بھی نیشیموٹو کی گاہک ہے۔ جاپان میں کئی افراد معاشرتی طور پر تنہائی کا شکار ہیں۔ کئی ایسے نوجوان بھی ہیں ،جو گھر سے نکلنے کی خواہش ہی نہیں رکھتے اور تمام وقت گھر میں ویڈیو گیمز کھیلتے گزارتے ہیں۔نیشیموٹو کی کمپنی سے خدمات حاصل کرنے والے کئی افراد کا کہنا ہے کہ یہ سہولت انہیں وہ تمام باتیں کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے، جو وہ کبھی اپنے دوستوں اور گھر والوں کے سامنے نہیں کر سکتے۔24 سالہ نوڈوکا ہاڈو کا کہنا ہے ’’گھر والوں کے سامنے میں بالکل مختلف ہوں اور دوستوں کے سامنے کچھ اور ہوں، لیکن نیشیموٹو کے ساتھ مجھے کوئی فکر نہیں ہوتی کیونکہ میں ایک اجنبی کے ساتھ بات کر رہی ہوتی ہوں، میں نیشیموٹو کی شکرگزار ہوں کیوں کہ ان کے ساتھ بات چیت کے ذریعے میں اپنے آپ کو سمجھ رہی ہوں۔‘‘ ماہر نفسیات ہیروآکی اینوموٹو نے اس حوالے سے بتایا ’’جاپانی معاشرے میں کچھ ایسے اصول ہیں، جو آپ کو اس بات کا پابند کر دیتے ہیں کہ آپ اپنے قریبی لوگوں کے ساتھ کیا بات کرسکتے ہیں اور کون سے موضوعات شجر ممنوعہ ہیں، تاہم ایک’اوسان‘ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آپ کو کوئی فکر نہیں ہوتی۔‘‘ رپورٹ کے مطابق گذشتہ چند برسوں سے جاپان میں ’’کرائے کے دوست‘‘ کی سروسز بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کمپنیوں کے ذریعے لوگ شادیوں، جنازوں اور پارٹیوں کے لیے کرائے کے دوست حاصل کر سکتے ہیں یا پھر صرف اپنی تنہائی کو دور کرنے کے لیے بھی انہیں حاصل کیا جاسکتا ہے۔ نیشیموٹو کہتے ہیں کہ انہوں نے کئی مرتبہ اپنی کمپنی بند کرنے کا سوچا، لیکن انہیں لگتا ہے کہ صرف ان کے گاہکوں کو ان کی ضرورت نہیں بلکہ خود انہیں بھی اپنے گاہکوں کی ضرورت ہے اور اس دوران انہیں کبھی کوئی عجیب و غریب گاہک نہیں ملے بلکہ کئی جذباتی تجربات کا سامنا رہا ہے۔
(دنیا نیوز)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں