ستارہ چینل کی بریکنگ نیوز میں آپ کا سواگت ہے. ابھی ابھی ہمیں کھبر ملی ہے کہ ایک پاکستانی جاسوس کو بھارتی پولیس نے امرتسر سے پکڑلیا ہے. اس جاسوس کو مکامی لوگوں نے اس وکت دیکھا جب وہ سڑک کے کنارے بیٹھا "گٹر گوں. . . گٹر گوں . . ." کررہا تھا. شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں اس کی صورت دیکھ کر ہی اندازہ ہوگیا کہ یہ سرحد پار یانی پاکستان سے آیا ہے. اس لیے انہوں نے ترنت پولیس کو اس کی کھبرکی تو پولیس نے اس جاسوس کو گھیرے میں لے لیا اور کٹھن مکابلہ کے بعد اسے دھر کرلیا۔ آکھری کھبروں تک جاسوس کو پولیس کے SAIR یانی اسپیشل ایئرکنڈیشن انویسٹیگیشن روم میں رکھا گیا ہے جہاں اس سے کھسوسی تفتیش جاری ہے. لیکن جاسوس بہت ٹرینڈ مانیٰ سدھایا ہوا مالوم ہوتا ہے تبھی وہ "گٹر گوں . . . گٹر گوں . . " کے علاوہ کچھ نہیں بول رہا. اس اہم ترین مدعہ پر ہمارے سموارداتا اشوک گنگولی نے ایکسکلوسیو رپورٹ تیار کی ہے، آیئے دیکھتے ہیں.
انیسویں صدی کے لوگوں نے جب کبوتروں کو 'Love Letter' رسانی کے لیے شروع کیا تو پاکستانیوں کو اس میں دِکھ گیا بھارت کے کھلاف نیا اٹوٹ ہتھیار. اس نے بگیر وکت گنوائے آتنگ وادی تنظیموں سے سانٹھ گانٹھ کر کبوتر سدھائی سیکھی اور بنایا ایک ایسا ہتھیار جس پر کسی کو شک بھی نہ گزرسکتا ہے. یانی سانپ بھی مرجائے اور لاٹھی بھی نا ٹوٹے. جی ہاں! ایک ایسا کبوتر جو رکھ سکتا ہے بھارتی سیناؤں کی نکل و ہرکت پر نظر اور دے سکتا ہے پاکستانی سیناؤں کو پل پل کی کھبر. پاکستان کی طرف سے بھیجا جانے والا یہ کبوتر نکلا تھا جاسوسی کرنے لیکن بھارتی جوانوں بن گئے اس کی راہ میں چٹان.
اس جاسوس کبوتر کے پروں پر لگی مہر ایک کھاس کسم کی روشنائی سے لگائی ہے جو اس بات کی نشانی ہے کہ پاکستانی سائنسدانوں نے اس کبوتر کو کہوٹا ایٹمی رئیکٹر میں ٹسٹ بھی کیا ہے. کاغذ پر اتنگ وادیوں کے ٹریننگ کیمپ کا لکھا پتا اور ساتھ ہی تھا ایک ربر بینڈ جو ہتھیاروں کی بناوٹ میں بھی کام آتا ہے. اس کبوتر کا شریر جتنا سفید دکھتا ہے اتنا ہی اس کا دھن کالا ہے. بالکل پاکستانی نیتاؤں کی طرح جو ایک اوڑ تو بھارتی اٹوٹ انگ پر مذاکرات کی بات کرتے ہیں تو دوسری اوڑ ایسے سدھائے ہوئے کبوتروں کو بھارتی زمین پر جاسوسی کے لیے بھیجتے ہیں. یہ ہے بھارت کے لیے کھترے کی ایک اور گھنٹی اور وکت ہے پاکستان کے کھلاف ایسے ہتھیار تیار کرنے کا جو کبوتروں اور کبوتریوں کو اپنے جال میں پھانس سکیں. کیمرہ مین راجیش ڈسولا کے ساتھ اشوک گنگولی، ستارہ چینل، امرتسر، پنجاب.
آپ کا بہت بہت دھنے واد اشکوک. یہ تھے ہمارے سموارداتا جو بتارہے تھے جدید ترین پاکستانی جاسوس کبوتر کی کہانی اور جگا رہے تھے ہم سب ہی دیش سیواؤں کو جنہیں ضرورت ہے پاکستان کے کھلاف اٹھ کھڑا ہونے کی. اب چلتے ہیں مامول کی نشریات پر اور دیکھتے ہیں پروگرام نا کوئی ہم جیسا!!!
(بلاعنوان سے)
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں