آپ کی عمر چاہے جو بھی ہو، صحتمند رہنے کے لیے باقاعدگی سے ورزش کرنا ضروری ہے۔ آجکل بہت سے لوگ اُتنی ورزش نہیں کرتے جتنی اُن کے لیے ضروری ہوتی ہے۔ ورزش کرنا اِتنا اہم کیوں ہے؟ ورزش کرنے سے . . .
- نیند اچھی آتی ہے۔
- جسم لچکدار رہتا ہے۔
- ہڈیاں اور پٹھے مضبوط رہتے ہیں۔
- وزن کم ہوتا ہے یا مناسب رہتا ہے۔
- ڈیپریشن ہونے کا خطرہ کم رہتا ہے۔
- کمعمر میں مرنے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
ورزش نہ کرنے کی وجہ سے . . .
- دل کی بیماری ہو سکتی ہے۔
- ذیابیطس ہو سکتی ہے۔
- بلڈ پریشر بڑھ سکتا ہے۔
- کولیسٹرول بڑھ سکتا ہے۔
- فالج ہو سکتا ہے۔
آپ کو اپنی عمر اور صحت کے مطابق ورزش کرنی چاہیے۔ اِس لیے کوئی نئی ورزش شروع کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا اچھا ہوگا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں اور نوجوانوں کو ہر روز کمازکم ایک گھنٹہ کھیل کود کرنی چاہیے۔ بالغوں کو ہر ہفتے ڈھائی گھنٹے ہلکی پھلکی ورزش یا پھر سوا گھنٹہ سخت ورزش کرنی چاہیے۔
آپ ورزش کے طور پر کسی کھیل کا اِنتخاب کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر باسکٹبال، چڑی چھکا اور فٹبال وغیرہ۔ آپ دوڑنے جا سکتے ہیں، تیراکی کر سکتے ہیں، تیز تیز چل سکتے ہیں یا پھر سائیکل چلا سکتے ہیں۔ لیکن ہلکی پھلکی ورزش اور سخت ورزش میں کیا فرق ہے؟ ہلکی پھلکی ورزش وہ ہوتی ہے جس میں آپ کو پسینہ آتا ہے لیکن اِس دوران آپ دوسروں سے باتچیت بھی کر سکتے ہیں جبکہ سخت ورزش میں ایسا کرنا بہت ہی مشکل ہوتا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں