جمعرات، 28 جولائی، 2016

سبق آموز باتیں : حضرت لال شہباز قلندرؒ کی پیدائش کے بارے میں ایک عجیب واقعہ


مؤرخ خدا داد خان نے اپنی تصنیف ‘‘لب تاریخ’’ میں حضرت لال شہباز قلندرؒ کی پیدائش کے بارے میں ایک عجیب واقعہ تحریر کیا ہے۔

اس وقت حضرت قلندرؒ کے والد محترم سید کبیرؒ کی شادی نہیں ہوئی تھی۔ ایک رات سید کبیرؒ نے خواب میں دیکھا۔ ایک نہایت پر فضا مقام تھا ہر طرف دلکش باغات اور سبزہ زار تھے۔
میوہ دار درخت تھے اور ان کے قریب صاف و شفاف پانی کی نہریں بہہ رہی تھیں۔ طائران خوش.الحان نغمے گا رہے تھے کہ اچانک ایک گوشے سے، سرخ رنگ والا ایک خوبصورت بچہ نمودار ہوا اور سید کبیرؒ سے مخاطب ہو کر کہنے لگا۔
‘‘مجھے اس مقام سے باہر لائیے۔’’


سید کبیرؒ کچھ دیر تک اس خوبصورت بچے کو دیکھتے رہے۔ پھر مسکراتے ہوئے فرمایا۔
‘‘جنت میں باہر آنا افضل ہے۔’’ (جنت میں باہر آنے سے مراد جنت کی سیر کرنا ہے)۔
جیسے ہی سید کبیرؒ کی زبان سے یہ الفاظ ادا ہوئے، وہ خوبصورت بچہ نظروں سے اوجھل ہوگیا…. اس کے ساتھ ہی سید کبیرؒ کی آنکھ کھل گئی۔

بڑا عجیب خواب تھا۔ سید کبیرؒ کچھ دیر تک اپنے خواب پر غور کرتے رہے مگر ذہن اس کی کوئی توجیہہ پیشنہکرسکا
کچھ دن بعد سید کبیرؒ نے دوبارہ وہی خواب دیکھا۔ سرخ رنگ والا وہی خوبصورت بچہ آپ کو مخاطب کرکے کہہ رہا تھا۔

‘‘بزرگوار! مجھے اس مقام سے باہر لائیے۔’’

سید کبیرؒ نے بچے کی بات سن کر اپنا وہی جواب دہرایا۔ ‘‘جنت میں باہر آنا افضل ہے۔’’

اب کی بار بچہ خاموش نہیں رہا۔ اس نے سید کبیرؒ کو مخاطب کرکے کہا۔ ‘‘دنیا میں ظاہر ہونا بھی اچھا ہے۔’’ یہ کہہ کر بچہ پہلے کی طرح غائب ہوگیا۔

بچے کے نظروں سے اوجھل ہوتے ہی سید کبیرؒ بیدار ہوگئے۔ صبح کا ذب کا وقت تھا۔ تھوڑی ہی دیر بعد فجر کی اذان شروع ہوگئی اور ارض و سما کی وسعتوں میں اللہ کی کبریائی بیان ہونے لگی۔

دوسری مرتبہ اسی بچے کو خواب میں دیکھنے کے بعد سید کبیرؒ کچھ مضطرب ہوئے ۔ پھر آپ ایک ایسے بزرگ کی خدمت میں حاضر ہوئے جو خواب کی تعبیر کا علم رکھتے تھے۔ بزرگ نے سید کبیرؒ کا خواب سننے کے بعد پوچھا

،‘سید آپ شادی شدہ ہیں….؟’’
سید کبیرؒ نے نفی میں جواب دیا۔

‘‘قدرت چاہتی ہے کہ اب آپ شادی کرلیں۔’’ بزرگ نے فرمایا ۔ ‘‘وہ آپ کا ہی بچہ ہے جسے حق تعالیٰ عدم سے وجود میں لانا چاہتا ہے۔’’
سید کبیرؒ نے بزرگ کی بات سن کر حیرت کا اظہار کیا۔
‘‘تمہیں حق تعالیٰ سے امید رکھنا چاہیے کہ وہ ایک غیر معمولی بچہ ہوگا۔’’ بزرگ نے خواب کے بعض خفیہ گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا۔

سید کبیرؒ ابھی شادی کرنا نہیں چاہتے تھے مگر بزرگ کی ہدایت کے بعد ان کا ارادہ بدل گیا اور انہوں نے بعض بے تکلف دوستوں کے سامنے اپنی خواہش کا اظہار کردیا۔

کچھ عرصے بعد اس علاقے کے سلطان کی بیٹی سے آپ کا عقد ہوگیا۔

اس مبارک عقد سے حضرت لال شہباز قلندرؒ عالم اسباب میں ظاہر ہوئے۔جب حضرت قلندرؒ کی عمر مبارک چھ سال کی ہوئی تو ایک دن آپ کے والد محترم نے بہت غور سے اپنے بیٹے کے نقش و نگار دیکھے۔ حضرت لال شہباز قلندرؒ کی صورت اسی بچے سے ملتی تھی سید کبیرؒ نے دوبار خواب میں دیکھا تھا۔
(حضرت سجن سائیں کے فیس بک وال سے)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں