ہفتہ، 23 جولائی، 2016

عجیب اور دلچسپ : پاکستان میں کھچڑی اور دنیا میں کیا؟ دلچسپ کہانی


دنیا کے مختلف ممالک میں بیمار ہو جانے کے بعد مختلف چیزیں کھانے کا رجحان پایا جاتا ہے۔ کہیں کوئی مرغی کا شوربہ استعمال کرتا ہے، تو کہیں کھچڑی۔ آئیے جانتے ہیں کہ کس ملک میں بیمار پڑنے پر لوگ کیا کھاتے ہیں۔چند ممالک میں بیمار پڑنے پر لوگ ہلکی پھلکی غذا لیتے ہیں، جو معدے پر بھاری نہ پڑے، لیکن چند ممالک ایسے بھی ہیں، جہاں مرچ مسالے والی گرم خوراک بھی لی جاتی ہے۔ 1۔ پاکستان: کھچڑی سفید چاولوں اور دال سے بنی یہ ہلکی پھلکی غذا بخار، پیٹ کی تکالیف اور دیگر عام امراض میں سب سے زیادہ استعمال کی جاتی ہے۔ اس میں گھی یا مکھن کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ویسے اگر بندہ بیمار نہ ہو، تو کھچڑی کے ساتھ اچار کا اپنا ہی لطف ہے۔ 2۔ بھارت: اڈلی جنوبی بھارت میں ناشتے کا بہت اہم جز ہے، جو لحمیات اور ریشے دار غذائیت رکھتا ہے۔ یہ نرم و ملائم ٹکیاں ہوتی ہے، جو ابلے ہوئے چاول سے بنتی ہیں۔ بیماری کی صورت میں لوگ اسے شکر اور دہی کے ساتھ کھاتے ہیں جبکہ چند لوگ اسے املی کی ایک چٹنی رسم کے ساتھ استعمال کرتے ہیں۔ 3۔ امریکا: چکن نوڈلز سوپ چکن نوڈل سوپ کا ایک پیالہ، عام طور پر سبزیوں، مرغی کے گوشت اور انڈے کے نوڈلز سے بنتا ہے۔ یہ بند ناک اور سینے کی جلن کے لیے مفید ہے ۔اس لیے مریض اسے کافی استعمال کرتے ہیں۔ 4۔ جاپان: اوکایو ابلے ہوئے چاولوں کے دلیے کا ایک پیالہ مشرقی ایشیائی باشندوں کے لیے تمام امراض کا علاج ہے۔ یہ دلیہ بہت ہلکا ہوتا ہے اور بآسانی ہضم ہو جاتا ہے۔ اس لیے بیماری میں استعمال سے جسم پر اضافی بوجھ نہیں پڑتا۔ جاپانی دلیے کے ساتھ ایک خشک آلو بخارے کا بھی استعمال کرتے ہیں۔ 5۔ اٹلی: پاستینا جب بیمار ہوتے ہیں اطالوی بھی نرم غذا استعمال کرتے ہیں، جسے وہ ان بیانکو کہتے ہیں۔ پاستینا بھی ایک ایسی ہی خوراک ہے۔ یہ ننھے پاستینا مختلف شکلوں میں ہوتے ہیں، جنہیں پانی میں ابالا جاتا ہے۔ بسا اوقات اس میں زیتون کا تیل، مقامی پنیر یا ذائقے کے لیے مرغی کے گوشت کے ٹکڑے بھی ڈالے جاتے ہیں۔ 6۔ سنگاپور: مچھلی کا دلیہ چاولوں کے سادہ دلیے پر مچھلی کے ٹکڑے اور سویا ساس اور سیاہ مرچ ڈالی جاتی ہے۔ ادرک کا استعمال نہ صرف اس نرم خوراک میں ذائقہ لاتی ہے بلکہ گلے کے امراض کے لیے بھی مفید ہے۔ 7۔ ناروے: گوبھی کا سوپ ناروے کی ایک قدیم خوراک گوبھی کا شوربہ، بیماری میں استعمال کی جاتی ہے۔ یہ نہ صرف بنانے میں آسان ہے بلکہ مقامی افراد اسے بہت مزیدار بھی سمجھتے ہیں۔ یہ چھوٹے اور بیمار بچوں کے لیے کھانا بھی آسان ہے۔ 8۔ روس: بروشت سرخ رنگ کا یہ سوپ یعنی شوربہ مشرقی یورپ میں کافی مقبول ہے۔ چقندر سے بنا یہ ترش ذائقے کا شوربہ جسم کی طاقت بحال کرنے کا مجرب نسخہ ہے۔ مختلف ممالک میں یہ مختلف طریقوں سے بنتا ہے اور کئی لوگ اس میں بند گوبھی، پیاز اور لہسن بھی استعمال کرتے ہیں۔ 9۔ چین: نوڈل سوپ چین میں جب بھی بچے بیمار پڑتے ہیں، تو ان کے لیے نوڈل سوپ کا ایک بڑا سا پیالہ بنایا جاتا ہے، اگر نوڈلز کو اچھی طرح پکایا جائے، تو یہ ہضم کرنا آسان ہوتے ہیں۔ اس کی کئی شکلیں ہیں، اپنی آسانی اور چیزوں کی دستیابی کے لحاظ سے مختلف سبزیوں کا استعمال بھی کیا جاتا ہے۔ 10۔ تونس: گرم مسالے دار شوربہ تونس میں تمام عام بیماریوں کا ایک ہی حل ہے، مسالے دار گرم شوربہ۔ یہ جو سے بھی بنایا جاتا ہے۔ نوڈل بھی استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ دالوں سے بھی بنتا ہے۔ (اُردو ٹرائب ڈاٹ کام سے مقتبس) ٭…٭…٭ - 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں